دس ارب روپے کی قیمتی لکڑی کی تحقیقات کے بارے میں قومی احتساب بیورو نے سیکرٹری جنگلات سے رپورٹ طلب کرلی ہے ،چترال کے ارندو گول اور اپر کوہستان سمیت مختلف جنگلاتی ڈویژنز میں فتنہ الخوارج کی دہشتگردی اور لوٹ مار کے نتیجے میں کاٹی گئی اربوں روپے مالیت کی لکڑی کے معاملے پر نیب نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے شرپسند عناصر نے خطے میں بدامنی پھیلاتے ہوئے بدترین غنڈہ گردی کی اور جنگلات کو بے دردی سے کاٹا۔پاک فوج کے کامیاب آپریشنز اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک توڑے گئے اور ریاست کی رٹ بحال ہوئی مگر دہشتگردوں کی جانب سے کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی گزشتہ 22 برسوں سے پڑی پڑی خراب ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور متعلقہ محکموں کی سستی کے باعث فروخت نہیں ہو سکی۔نیب کے مطابق ارندو گول فاریسٹ ڈویژن چترال اور اپر کوہستان سمیت دیگر ڈویژنز میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے پڑی لکڑی کی فروخت کے لیے متعلقہ افسران نے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا جس سے لکڑی ضائع ہونے اور خردبرد کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔نیب نے فوری طور پر پالیسی بنانے، معاملہ حل کرنے اور اقدامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے افسران، اہلکاروں اور دیگر ملوث عناصر کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے ترجمان لطیف الرحمان نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ارندو گول کے جنگلات میں غیرقانونی طور پر کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی موجود ہے جس کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ان کے مطابق گزشتہ دورِ حکومت میں ارندو جنگلات سے متعلق پالیسی کیس صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا تھا تاہم سابقہ پی ٹی آئی کابینہ نے ارندو سے ٹمبر نکالنے کی حتمی منظوری ہی نہیں دی۔







