امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرانے کے لیے امریکا روس اور چین سے مدد طلب نہیں کرے گا، جبکہ چین اور روس کے ساتھ مجوزہ سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کا معاملہ بنیادی اہمیت رکھے گا۔
امریکی نیوز چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے چین آمد پر ان کا شاندار استقبال مجوزہ سہ فریقی ملاقات کی کامیابی کا اشارہ ہے۔
امریکی صدر نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے عظیم صدور میں شمار ہوتے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق چین میں ان کے استقبال کے لیے خوبصورت تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ہزاروں افراد، چھوٹے بچوں اور فوجیوں کی موجودگی نے ان کے لیے احترام کا اظہار کیا، جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا شاندار استقبال امریکا اور چین دونوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ روز چین پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ شی جن پنگ نے بطور چینی صدر پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی رہنما کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
اس سے قبل ستمبر میں جب چینی صدر شی جن پنگ امریکا پہنچے تھے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔







