پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مزید بولنگ کرنے سے روک دیا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر وہ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ثاقب خان گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی دوسری اننگز کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے اپنے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر سری لنکن اوپنر لاہیرو اوڈارا کو آؤٹ کیا، جس کے بعد تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔
انہوں نے دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 1.2 اوورز کرائے اور 6 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کا باقی اوور رضااللہ نے مکمل کیا۔
پی سی بی کے مطابق ثاقب خان کو ہیمسٹرنگ انجری ہوئی ہے اور ٹیم کی میڈیکل ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر ضرورت پڑنے پر سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے، جبکہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار تھے۔
علی شبیر ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز
دوسری جانب پی سی بی نے فاسٹ بولر علی شبیر کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کرکے قائداعظم ٹرافی کے آئندہ دو راؤنڈز میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں بہاولپور ریجن کی نمائندگی کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق سلیکٹرز کا مقصد علی شبیر کو ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
بہاولپور ریجن کی ٹیم 21 سے 24 نومبر تک لاہور بلیوز کے خلاف میچ کھیلے گی۔







