پشاور میں مشیر اطلاعات، ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور سیکرٹری ریلیف، بحالی و آبادکاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے تمام ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران مشیر اطلاعات و ریلیف نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں جاری سرگرمیوں، جدید مانیٹرنگ سسٹم، ریئل ٹائم ڈیٹا اور مختلف ڈیش بورڈز کا جائزہ لیا۔ پی ڈی ایم اے کی تکنیکی ٹیم نے انہیں ہنگامی صورتحال کی نگرانی، ابتدائی انتباہی نظام (ارلی وارننگ سسٹم) اور ایمرجنسی رسپانس کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر ریہیبیلیٹیشن ساجد عمران نے پی ڈی ایم اے کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں، امدادی سرگرمیوں، ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم، بحالی کے منصوبوں اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی کے حوالے سے مشیر کو آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے صوبے کے 38 اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے، متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے، جبکہ عوامی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔
اجلاس کو جالوزئی میں قائم ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی (HRF)، صوبے بھر میں نشاندہی شدہ 185 محفوظ کیمپ سائٹس، امدادی سامان کے ذخائر، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لیے قائم ٹرانزٹ پوائنٹس اور مختلف ترقیاتی و بحالی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے پی ڈی ایم اے کی مجموعی کارکردگی، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، بروقت معلومات کی فراہمی اور عوامی خدمت کے لیے جاری اقدامات کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید نظام، بہتر منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے کے افسران اور اہلکاروں کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے ادارے کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔







