زمبابوے نے افغانستان کو شارجہ ٹیسٹ میں 57 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے جیت لی، جس کے بعد ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شمولیت کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ دو سائیکلز کے لیے ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا شیڈول تیار کرلیا ہے، تاہم افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ممکنہ شمولیت سے متعلق مذاکرات جاری ہونے کے باعث اسے تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
زمبابوے کرکٹ کا مؤقف ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام مکمل اراکین کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شرکت کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سمیت بعض بڑے کرکٹ بورڈز کو اضافی ٹیسٹ میچز کے باعث پہلے سے مصروف شیڈول اور نشریاتی معاہدوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تحفظات ہیں۔
زمبابوے نے گزشتہ برس 10 ٹیسٹ میچز کھیل کر طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے نے آئندہ چار برسوں کے دوران ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سات ممالک کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا انتظام بھی کرلیا ہے، جن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقا جیسی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
زمبابوے کرکٹ آئندہ چند ہفتوں میں یہ مجوزہ شیڈول آئی سی سی کے سامنے پیش کرے گا، جس کا مقصد 2027-29 یا 2029-31 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں جگہ حاصل کرنا ہے۔
ادھر افغانستان کے کپتان رحمت شاہ نے بھی مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ شیڈول میں افغان ٹیم کو طویل فارمیٹ میں کھیلنے کے مناسب مواقع نہیں مل رہے۔







