واشنگٹن پر ڈرٹی بم حملے کا خدشہ، امریکی حکام متحرک

امریکی انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ میں ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے ممکنہ استعمال کی منصوبہ بندی کا خدشہ ظاہر کیے جانے کے بعد امریکی حکام نے ہنگامی اقدامات پر غور شروع کردیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے 7 امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں کو ایسی معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے واشنگٹن میں غیر روایتی ہتھیار استعمال کرنے کے ممکنہ منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔

یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکی حکام پہلے ہی ایران کی جانب سے موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ان کی رہائش گاہ سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا تھا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات میں ممکنہ حملے کے لیے مخصوص مقامات اور اہداف کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ تاہم امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اتفاق نہیں کہ ایران کے پاس اس نوعیت کے حملے کے لیے مطلوبہ افراد اور صلاحیت موجود ہے یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کا مقصد ممکنہ حملے کی صورت میں مختلف آپشنز تیار رکھنا ہے۔ اسے ایران کی جانب سے فوری حملے کی تیاری کا ثبوت نہیں سمجھا جارہا۔

اس کے باوجود انٹیلی جنس اداروں کو ملنے والی تفصیلات کے پیش نظر امریکی حکام نے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی تیز کردی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے کہا ہے کہ امریکا تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کسی فوری حملے کا سامنا نہیں۔

امریکی حکام ان اطلاعات کو ایران کی جانب سے جاری تنازع میں مزید شدت پیدا کرنے کی ممکنہ کوشش قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران ایک طرف امریکی فوجی کارروائیوں اور سخت اقتصادی ناکہ بندی کے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب امریکی سرزمین پر حملوں کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔

تاہم اب تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو کہ ایرانی قیادت نے ان منصوبوں پر عمل درآمد کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، تاہم تازہ انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد امریکی حکام کی سرگرمیاں خطے کی غیر یقینی صورت حال کو ظاہر کرتی ہیں۔

سی این این کے مطابق امریکی حکام نے گزشتہ ہفتے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کے لیے متعدد اجلاس بھی کیے۔ ذرائع نے ان اقدامات کو احتیاطی منصوبہ بندی قرار دیا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس کو ایرانی منصوبہ بندی کا کیسے پتا چلا؟
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا غیر روایتی ہتھیاروں کے حملے کے حوالے سے غیر محفوظ ہوسکتا ہے۔ ڈرٹی بم میں تابکاری مواد کو روایتی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے اور اسے تیار کرنا ایٹمی ہتھیار کے مقابلے میں نسبتاً آسان ہوتا ہے۔

حکام کے مطابق ایران کو اس نوعیت کے حملے کے لیے تربیت یافتہ افراد کو امریکا میں داخل کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ پہلے سے امریکا میں موجود کسی شخص کو بھی اس مقصد کے لیے آمادہ کرسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایرانی گفتگو پکڑی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈرٹی بم کی تیاری کے لیے درکار مواد امریکا کے اندر چھپا کر رکھا گیا ہے۔

امریکی حکام اس انٹیلی جنس کی ساکھ کے حوالے سے یکساں رائے نہیں رکھتے، تاہم ان کا خیال ہے کہ ایران کے لیے امریکا میں تابکاری مواد یا کیمیائی ایجنٹس پہلے سے پہنچا کر چھپانا ممکن ہوسکتا ہے۔

سی این این سے گفتگو کرنے والے ذرائع کے مطابق گزشتہ تقریباً 10 برس کے دوران امریکی سرحدوں کی نگرانی میں آنے والی کمزوریوں کے باعث ممکنہ حملہ آوروں کے لیے ملک میں داخل ہونا اور بعد میں بم کے اجزا حاصل کرکے انہیں نصب کرنا آسان ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ امریکی قومی سلامتی کے متعدد عہدیداروں کا خیال ہے کہ ایران ممکنہ طور پر امریکا میں تابکاری مواد پہلے ہی چھپا چکا ہے، جو کئی برس یا دہائیوں سے وہاں موجود ہوسکتا ہے۔

انٹیلی جنس سے واقف ذرائع کے مطابق ایران کی اس نوعیت کے حملے کی صلاحیت میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا، بلکہ اہم تبدیلی اس کی حکمت عملی اور سوچ میں آئی ہے، جو اسے ایسے حملے کی منصوبہ بندی کی طرف لے جاسکتی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ایران کا کیا مؤقف ہے؟
نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے ایرانی مشن کے ترجمان نے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہر قسم کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو مکمل طور پر ناجائز سمجھتا ہے۔

ترجمان نے ان الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا، تاہم سی این این کے مطابق انہوں نے واشنگٹن میں ممکنہ ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق انٹیلی جنس دعوے کا براہ راست جواب نہیں دیا۔
ڈرٹی بم کتنا تباہ کن ہوسکتا ہے؟
ڈرٹی بم روایتی ایٹم بم سے مختلف نوعیت کا ہتھیار ہے۔ ایٹم بم میں نیوکلیئر فشن کے ذریعے توانائی خارج ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی ڈرٹی بم کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

ڈرٹی بم کے دھماکے سے تابکاری مواد کئی بلاکس یا میلوں تک پھیل سکتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی بنیادی وجہ تابکاری کے بجائے دھماکے کی براہ راست تباہی ہوسکتی ہے۔

اس ہتھیار کی تیاری عام بم کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتی، البتہ تابکاری مواد کا حصول اس کا بنیادی مشکل مرحلہ ہے۔

انٹیلی جنس معلومات سے واقف ذرائع کے مطابق اس ہتھیار کا مقصد کسی مخصوص ہدف کو درست نشانہ بنانے کے بجائے خوف و ہراس پھیلانا ہوتا ہے۔ اس کے اثرات سے لوگ شدید بیمار ہوسکتے ہیں اور متاثرہ علاقے رہائش کے قابل نہیں رہ سکتے۔
امریکی انٹیلی جنس کے لیے نگرانی کا چیلنج
امریکی حکام کے لیے ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کا بروقت پتا لگانا بھی ایک بڑا چیلنج ہوسکتا ہے۔

سی این این کے مطابق امریکا میں ایک اہم قومی سلامتی قانون موجود تھا جس کے تحت امریکی حکام غیر ملکی شہریوں کی مواصلات سے انٹیلی جنس معلومات حاصل کرسکتے تھے۔

وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان اختلافات کے باعث یہ قانون رواں سال جون میں ختم ہوگیا تھا۔ تاہم اس قانون کے تحت جون سے پہلے منظور کیے گئے نگرانی کے احکامات مارچ 2027ء تک برقرار رہیں گے۔

اگر کانگریس نے اس قانون کی تجدید نہ کی تو امریکی قومی سلامتی کے حکام دہشت گردی اور ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کا پتا لگانے کے لیے اپنے اہم ذرائع میں سے ایک سے محروم ہوسکتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ، ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں کو خط لکھ کر قانون کی تجدید پر زور دیا تھا۔

خط میں خبردار کیا گیا کہ اس معاملے میں تاخیر امریکا کے اندر شہریوں اور بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

سی این این کے مطابق خط بھیجے جانے سے چند روز قبل کانگریس کے اہم رہنماؤں کو ایران کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس میں واشنگٹن پر ممکنہ ڈرٹی بم یا کیمیائی حملے سے متعلق مخصوص اطلاعات شامل تھیں یا نہیں۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ
ممکنہ حملوں سے متعلق یہ اطلاعات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر بھی کشیدگی برقرار ہے۔

امریکی ناکہ بندی کے خاتمے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ بندی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

سی این این کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریق معاہدے کے خواہاں ہیں، لیکن کوئی بھی دوسرے فریق کو اہم رعایت دینے کے لیے تیار نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند ہفتے مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم ہوسکتے ہیں اور بعض عناصر معاہدے کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان عناصر میں ایران کے سخت گیر حلقے یا حکومت سے وابستہ ایسے افراد شامل ہوسکتے ہیں جنہیں جنگ جاری رہنے سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ایران اس بات سے آگاہ ہے کہ مشرق وسطیٰ یا امریکا میں اس نوعیت کے ہتھیار استعمال کرنے کی صورت میں اسے جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ تاہم اگر ایرانی قیادت کو اپنے نظام حکومت کے لیے خطرہ محسوس ہوا تو وہ اس کے باوجود ایسا خطرہ مول لینے پر آمادہ ہوسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed