لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن مالیاتی جرائم اور سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم فراڈ نیٹ ورک کے 23 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور عاطف امیر کی زیرِ نگرانی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران نیٹ ورک سے وابستہ 18 مردوں اور 5 خواتین کو حراست میں لیا گیا۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے فراڈ میں استعمال ہونے والے 23 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 30 موبائل فونز بھی برآمد کر کے قبضہ میں لے لیے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور فرضی آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے ذریعے مقامی اور غیر ملکی شہریوں کو بھاری منافع کا لالچ دے کر مبینہ طور پر مالی فراڈ میں ملوث تھے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا اور سائبر جرائم میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی







