امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیر استعمال قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے خصوصی طیارے کو خراب موسمی حالات کے باعث الاسکا میں معمول کے ری فیولنگ اسٹاپ کے بجائے دوسرے ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ایشیائی دورے پر روانہ ہوئے ہیں، جہاں وہ پہلے فلپائن کے دارالحکومت منیلا اور بعد ازاں چین کے شہر شینزن جائیں گے۔ اس دوران انہیں آسیان اور ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کانفرنسوں میں شرکت کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے خصوصی طیارے نے الاسکا میں معمول کے مطابق جوائنٹ بیس ایلمینڈورف رچرڈسن، اینکریج کے بجائے فیئربینکس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اینکریج میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث طیارے کو ایندھن بھرنے کے لیے بہتر موسمی حالات والے فیئربینکس ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
فیئربینکس ایئرپورٹ پر قطری تحفے میں ملنے والے طیارے کے قریب ایک پرانا بوئنگ 747 طیارہ بھی موجود تھا، جو ماضی میں ایئر فورس ون کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پرانا طیارہ وہاں کس مقصد کے لیے موجود تھا۔ امریکی صدر کے غیر ملکی دوروں کے دوران معاونت فراہم کرنے والے دیگر سرکاری طیارے بھی ان کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔
رپورٹرز کے مطابق فیئربینکس میں ایندھن بھرنے کے دوران صدر ٹرمپ اپنے طیارے سے باہر نہیں آئے۔ وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی کہ آیا صدر اپنے ایشیائی دورے کے کسی مرحلے پر پرانے 747 طیارے میں سفر کریں گے یا نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال جولائی میں بھی ٹرمپ کے زیر استعمال طیارے کے حوالے سے ابہام پیدا ہوا تھا، جب وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کو یہ تاثر دیا کہ صدر پرانے 747 طیارے میں سفر کر رہے ہیں۔
بعد ازاں اگست میں واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے ممکنہ قاتلانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر ٹرمپ نے پرانے ایئر فورس ون کے بجائے ایک چھوٹے فوجی طیارے کے ذریعے برطانیہ کا سفر کیا تھا۔
قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا نیا طیارہ تقریباً 400 ملین ڈالر مالیت کا ہے، جسے عارضی طور پر امریکی صدر کے سرکاری طیارے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب بوئنگ امریکی صدر کے لیے دو نئے طیارے تیار کر رہا ہے، تاہم ان کی فراہمی میں تاخیر ہوچکی ہے۔
قطر سے ملنے والے اس طیارے کو صدر ٹرمپ کی پسند کے مطابق سرخ، سفید، نیلے اور سنہری رنگوں سے مزین کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مستقبل میں اسے ٹرمپ کی صدارتی لائبریری کا حصہ بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔







