پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل ایتھلیٹ مسعود نے ملاقات کی، جس میں مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی، سیکرٹری کھیل محمد آصف، ایتھلیٹ کے کوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوان ایتھلیٹ مسعود کی محنت، عزم اور لگن کو بھرپور سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس کے علاوہ گورنر نے ایتھلیٹ کے علاج معالجے کے لیے محکمہ صحت کو فوری اور ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہوں نے نوجوان ایتھلیٹ مسعود کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی تھی، جس کے بعد ان سے رابطہ کیا گیا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں نوجوان کھلاڑیوں کو وہ سرپرستی اور سہولیات میسر نہیں آ سکیں جن کے وہ مستحق ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ گزشتہ سال "ایڈاپٹ اے پلیئر” (Adopt a Player) اقدام کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت صوبے کا نام روشن کرنے والے 100 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ انہوں نے محکمہ کھیل کو ہدایت کی کہ اس پروگرام کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے مختلف محکموں اور شعبہ جات سے رابطوں کا مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے اور کھلاڑیوں کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر آگے لایا جائے۔
گورنر نے مزید کہا کہ صوبے میں کرکٹ کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کی بہتری کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی بات چیت کی ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ایتھلیٹ مسعود اس سے قبل پشاور سے اسکردو اور پشاور سے کراچی تک طویل فاصلے کی رننگ کامیابی سے مکمل کر کے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں







