بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بعد ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جن کا تعلق مبینہ طور پر گینگسٹر گولڈی ڈھلوں سے بتایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے صرف ’بچ گئے‘ کے الفاظ لکھے تھے۔
اس پوسٹ کے بعد امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے آن لائن قتل کی دھمکی موصول ہوئی۔ اس سے قبل بھی گینگسٹر کی جانب سے ای میلز کے ذریعے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گولڈی ڈھلوں نے حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ امیتابھ اور ابھیشیک بچن کو بلٹ پروف کیبن سمیت دیگر حفاظتی انتظامات بھی قتل ہونے سے نہیں بچا سکیں گے۔
گینگسٹر نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے اس کے گروہ کے دو مبینہ ارکان وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم اس کے باوجود ان کا مشن جاری رہ سکتا ہے۔
اس نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 200 سے زائد افراد موجود ہیں جو حکم ملنے کے منتظر ہیں اور اس کام کو مکمل کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے تاحال سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس نئی دھمکی کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے تحقیقات شروع کرنے کی اطلاع دی ہے۔
اداکار امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کی ٹیم کی جانب سے بھی اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔







