کرک میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فضل واحد خان کیو پی ایم (QPM) کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کرک پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس مہم کے تحت تھانہ شاہ سلیم کے ایس ایچ او محبت علی خان نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ شاہ سلیم کے ملحقہ علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں انجام دیتے ہوئے مختلف جرائم کے مرتکب پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار پستولیں، ایک کلاشنکوف معہ ایمونیشن اور مجموعی طور پر 1720 گرام چرس برآمد کر لی۔
ڈی پی او کرک فضل واحد خان کی جانب سے واضح پیغام جاری کیا گیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کا قیام کرک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، جبکہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی







