پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت بروز پیر ملک سعد شہید پولیس لائنز گراؤنڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہر بھر سے آئے سینکڑوں شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران سی سی پی او پشاور نے شہریوں کے مسائل اور شکایات کو نہایت توجہ اور بغور سنا اور موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ہر درخواست پر فوری، شفاف اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقررہ وقت کے اندر مسائل کا حل یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد شہریوں کو اعلیٰ پولیس حکام تک براہِ راست رسائی فراہم کر کے ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بے لوث عوامی خدمت، انصاف کی فوری فراہمی، شفافیت اور قانون کی بلاامتیاز عملداری پشاور پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔







