خیبرپختونخوا اسمبلی کے معزول اراکین کو اکتوبر کی تنخواہیں اور مراعات ادا کر دی گئیں، تاہم نومبر کی ادائیگیاں روکنے اور اراکین کی تنخواہوں میں مجوزہ 50 فیصد اضافے کے فیصلے پر نظرثانی شروع کر دی گئی ہے۔واقعات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے معزول اراکین کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اراکین اسمبلی نے اکتوبر کی تنخواہیں اور دیگر مراعات وصول کر لی ہیں، تاہم نومبر کی تنخواہوں اور مراعات کی ادائیگیاں روکنے کی تجویز زیر غور ہے۔محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے معزول اراکین کو اکتوبر کی تنخواہیں اور دیگر مالی مراعات بھی ادا کی جا چکی ہیں، جبکہ آئندہ ماہ کی ادائیگیوں کے حوالے سے حکومتی سطح پر غور جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معزول وزیراعلی ، سپیکر اور تین وزرا نے تاحال اپنی تنخواہیں اور دیگر مراعات وصول نہیں کیں، جبکہ دیگر اراکین کو اکتوبر کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے طویل اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی کو سفری الانس (ٹی اے) اور ڈیلی الانس (ڈی اے)کی مد میں بھی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔اس طرح اکتوبر کے دوران اراکین کو تنخواہوں کے علاوہ اجلاس میں شرکت اور سفری اخراجات کی مد میں بھی مالی سہولیات فراہم کی گئیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں 50 فیصد تک اضافے کی منظوری کے عمل کو بھی روک دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی ہے، جبکہ نومبر کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی ادائیگی روکنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔







