خیبرپختونخوا میں ڈرون حملے روکنے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سی ٹی ڈی کو مزید جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کیلئے 10 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واقعات کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور سکیورٹی اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے اہم اقدام سامنے آیا ہے، جہاں کانٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پولیس کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مختص رقم سی ٹی ڈی پولیس کو جدید ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں، جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے علاوہ محکمہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اور حساس اضلاع کو دہشتگردوں کے ڈرون حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی بھی خریدی جائے گی۔اس ٹیکنالوجی کا مقصد ان علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ڈرونز کی نشاندہی اور ممکنہ حملوں کو بروقت ناکام بنانا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حساس اضلاع کیلئے جدید اینٹی ڈرون سسٹم اس انداز میں تیار کیا جائے گا کہ متعلقہ حدود میں کسی مشکوک ڈرون کی موجودگی کا پتا چلتے ہی ٹیکنالوجی متحرک ہو سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام ایک حفاظتی شیلڈ کی طرح کام کرے گا اور مخصوص اضلاع کو دہشتگردوں کے ممکنہ ڈرون حملوں سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد دے گا۔10 ارب روپے کے مجوزہ فنڈز سے سی ٹی ڈی پولیس کیلئے جدید ہتھیار، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر ضروری سکیورٹی آلات بھی خریدے جائیں گے۔اس کے علاوہ محکمے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنے پر بھی رقم خرچ کی جائے گی







