پیٹ کمنز کا عثمان خواجہ کے الزامات پر ردعمل

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی جانب سے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

پیٹ کمنز نے اپنے بیان میں کہا کہ عثمان خواجہ کا یہ دعویٰ کہ 2018 میں پوری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم تھا، بالکل غلط ہے۔ ان کے مطابق یہ الزام سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق کسی منصوبے کا حصہ نہیں تھے اور انہیں اس بات کا بھی علم نہیں تھا کہ میدان میں سینڈ پیپر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بال ٹیمپرنگ کے لیے نہ کوئی خفیہ منصوبہ تیار کیا گیا تھا اور نہ ہی اس حوالے سے ٹیم کی کوئی میٹنگ ہوئی تھی۔

پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ عثمان خواجہ ایسے شخص ہیں جو اگر اس معاملے سے واقف ہوتے تو اسے روکنے کی کوشش کرتے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ کی جانب سے اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات پر انہیں شدید حیرت ہوئی ہے۔

کمنز کے مطابق کتاب میں عائد کیے گئے بعض الزامات ممکنہ طور پر ہتک آمیز ہیں، تاہم وہ عثمان خواجہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے خواجہ سے بات ہوئی ہے اور وہ دونوں کے تعلقات میں آنے والی تبدیلی پر غور کر رہے ہیں، کیونکہ انہیں اپنے دوست سے اس طرح کے الزامات کی توقع نہیں تھی۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے ہونے والی کسی میٹنگ کا علم نہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ان سے سوالات کیے گئے تھے اور انہوں نے اس وقت بھی سچ بیان کیا تھا۔

پیٹ کمنز نے اس اسکینڈل میں سزا پانے والے اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کی سزاؤں کو ضرورت سے زیادہ سخت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھ سال پرانے واقعے کو دوبارہ زیر بحث لانے سے متعلقہ کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عثمان خواجہ کے الزامات سے ان کی اور کئی دوسرے افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ خواجہ کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کمنز کا کہنا تھا کہ دوست ایک دوسرے کی زندگی اور عزت و ساکھ کے معاملے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے۔

ڈیوڈ وارنر کی عثمان خواجہ کی حمایت

دوسری جانب 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں جو کچھ لکھا ہے وہ درست ہے اور وہ ان کے بیان کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹ کمنز مکمل تیاری کے ساتھ پریس کانفرنس میں آئے تھے۔

وارنر نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ آسٹریلوی کپتان نے عثمان خواجہ کو مشکل صورتحال میں تنہا چھوڑ دیا۔ انہوں نے اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین کھلاڑیوں نے اس اسکینڈل کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور انہوں نے آٹھ سال تک اس موضوع پر بات نہیں کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed