مائیکروسافٹ سروسز میں عالمی تعطل، ادارے متاثر

مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی سطح پر تعطل کے باعث دنیا کے مختلف خطوں میں کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متاثرہ سروسز کی جزوی بحالی کا عمل جاری ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز تقریباً 10 گھنٹے تک متاثر رہیں، جس کے نتیجے میں دنیا کے کئی ممالک میں صارفین اور اداروں کو مشکلات پیش آئیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق جن علاقوں میں اصلاحی اقدامات کیے گئے ہیں وہاں سروسز کی جزوی بحالی شروع ہوگئی ہے، تاہم ان اقدامات کے باوجود نظام کو مکمل طور پر بحال نہیں کیا جاسکا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سروسز کی دستیابی اور گنجائش بہتر بنانے کے لیے متبادل اقدامات پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ نظام کو مکمل طور پر فعال کیا جاسکے۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں آؤٹ لک سروس کی بندش سے متعلق ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور جاپان میں بھی مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔

آسٹریلیا میں بھی مائیکروسافٹ سروسز کا تعطل

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں بھی مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی تعطل کے باعث شدید افراتفری کی صورتحال پیدا ہوئی۔

آسٹریلوی وزیر داخلہ ٹونی برک نے بتایا کہ مائیکروسافٹ حکام نے ابتدائی بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ سروسز میں پیدا ہونے والا مسئلہ سائبر حملے کا نتیجہ نہیں ہے۔

ان کے مطابق آسٹریلیا کی نیشنل سائبر سیکیورٹی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل مشیل میک گینس اور مائیکروسافٹ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کی صدر جین لائیوسی نے انہیں صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔

جین لائیوسی کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کو درپیش موجودہ مسئلہ جولائی 2024 میں سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی سروسز میں پیدا ہونے والے تعطل سے مشابہت رکھتا ہے۔

کراؤڈ اسٹرائیک کا 2024 کا عالمی تعطل

واضح رہے کہ جولائی 2024 میں امریکی سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے ایک ناقص سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کیے جانے کے باعث دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر نظام متاثر ہوئے تھے۔

اس واقعے کے نتیجے میں کروڑوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے متعدد کمپیوٹرز کریش ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed