ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار پر حملے کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدے کی ضرورت ختم ہونے کے بیان کے چند گھنٹے بعد بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ستمبر کے اوائل کے بعد کسی خلیجی ملک میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے سے متعلق ایران کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دعویٰ ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں بظاہر عارضی وقفہ ہے، تاہم خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے بحرین میں امریکی ریڈار کو ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر مبینہ فضائی حملے کے جواب میں نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب نے اس کارروائی کو جوابی حملہ قرار دیا ہے، تاہم امریکا اور بحرین کی جانب سے فوری طور پر ایرانی دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی فوج نے گزشتہ روز وارننگ نظرانداز کرنے پر چار آئل ٹینکرز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کا آغاز 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے فضائی حملوں سے ہوا تھا، جس کے بعد لڑائی پورے خطے تک پھیل گئی۔

جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
ٹرمپ کا ایران کے ساتھ معاہدے سے انکار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا تھا کہ امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں رہی۔

ٹرمپ کے مطابق معاہدے کی ضرورت کا وقت گزر چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران سے سینکڑوں ارب ڈالر حاصل کرچکا ہے اور آبنائے ہرمز بھی اس کے کنٹرول میں ہے۔

امریکی صدر نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کے بجائے امریکا کے اندر مبینہ مالی بدعنوانی اور جرائم کے خلاف کارروائی پر توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرانتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں اور بدعنوانی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس سے امریکی بجٹ کا خسارہ تیزی سے کم کیا جاسکتا ہے۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں کی بحالی کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اس سے ایک روز قبل رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس ایران کے ایک سخت گیر سکیورٹی عہدیدار سے براہ راست ملاقات پر غور کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں اشارہ دیا تھا کہ امریکی انتخابات کے بعد ایران آٹھ ماہ سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدے پر زیادہ آمادہ ہوسکتا ہے۔

تاہم امریکی انتظامیہ نے رواں ہفتے عندیہ دیا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں، اس لیے نہ فوجی کارروائی میں مزید شدت لانے اور نہ ہی سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکی فوج ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے بین الاقوامی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی کوششیں بھی کر رہی ہے۔
جے ڈی وینس کا ایران کے ساتھ مذاکرات میں کردار
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق انہوں نے اپریل میں پاکستان میں ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کی تھی، جن کے نتیجے میں جون میں اسلام آباد میں مفاہمت کی ایک یادداشت طے پائی اور جنگ عارضی طور پر رک گئی، تاہم چند ہفتوں بعد یہ مفاہمت بھی ناکام ہوگئی۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے گزشتہ ماہ کے آخر میں دعویٰ کیا تھا کہ تہران کو جے ڈی وینس کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے لیے ایک خط موصول ہوا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے اس دعوے کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے اپنے نائب صدر کو ایران سے رابطہ کرنے کی ہدایت نہیں دی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کو پیرس میں اتحادی ممالک کے ساتھ مذاکرات کے بعد ایران کے ممکنہ معاہدے سے متعلق مطالبات کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے ہرجانے کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ کسی نامناسب معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔

رائٹرز کے مطابق جے ڈی وینس کو 2028 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ امیدواروں میں سرفہرست سمجھا جاتا ہے۔

گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد وینس نے ایران جنگ سے متعلق اپنے مؤقف سے فاصلہ اختیار کیا۔

وینس نے جنگ کے اخراجات کو ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ان کا پہلے دیا گیا مشورہ درست تھا۔

دوسری جانب ٹرمپ نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے جنگ کو ضروری قرار دیتے ہوئے اپنے نائب صدر کے مؤقف کا دفاع کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed