واشنگٹن: امریکا میں استغاثہ نے برطانوی ایئر بیس فیئر فورڈ پر حملے کی سازش اور امریکا و یورپ میں تقریباً 20 حملوں اور ان کی کوششوں میں مبینہ کردار ادا کرنے کے الزام میں ۳ ایرانی باشندوں پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نامزد کیے گئے تینوں ملزمان—محمد باقر سعد داؤد السعدی، محسن مہاجری اور محمد علی الحسنی—ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) اور عراقی مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کی حمایت میں سرگرم تھے اور انہیں دہشت گردی سے متعلق مختلف سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
محکمۂ انصاف کے مطابق ملزمان میں سے محمد باقر سعد داؤد السعدی پہلے ہی نیویارک کی ایک جیل میں قید ہے، جبکہ دیگر دو ملزمان محسن مہاجری اور محمد علی الحسنی کے موجودہ مقام کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ ان عائد کردہ الزامات پر فی الحال ایران کی طرف سے کوئی فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب پروازوں کی نگرانی کے اعداد و شمار سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ امریکی فوج نے برطانیہ کے ایک اور ایئر بیس آر اے ایف ملڈن ہال سے کم از کم 12 طیارے منتقل کر لیے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئر بیس سے طیاروں کی یہ منتقلی غلطی سے نہیں بلکہ باقاعدہ سیکیورٹی دھمکی کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔







