کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا تفصیلی جواب جمع کروایا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ "بری امام ہاؤس” نامی کوئی عمارت سرکاری ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔ جواب کے مطابق نورپور شاہان کی زمین سی ڈی اے ماضی میں باقاعدہ ایکوائر کر چکا ہے اور اس جگہ کے عوض تمام تر ادائیگی بھی مالکوں کو کی جا چکی ہے۔سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ حضرت بری امام دربار کی زمین الگ نمبروں کے ساتھ سرکاری ریکارڈ میں درج ہے اور بری امام ہاؤس نامی عمارت کا اس دربار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محض نام بری امام کے ساتھ منسلک کرنے سے کسی کو زمین کا قانونی حق حاصل نہیں ہو جاتا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ محل وقوع اور محکمہ مال ریکارڈ کے مطابق بری امام ہاؤس اور دربار دو الگ الگ جگہیں ہیں۔ سی ڈی اے نے درخواست گزار کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے عدالت سے حکم امتناع ختم کرنے اور کیس کو روان ہفتے ہی جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔







