بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بیٹر رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکنِ پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق دونوں شخصیات رواں برس 4 دسمبر کو لکھنؤ میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گی، جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں اور شادی کے دعوت نامے بھی تقسیم ہونا شروع ہو چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی مرکزی تقریب لکھنؤ کے ‘رامادا ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر’ میں منعقد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ رنکو سنگھ اور پریا سروج کی منگنی گزشتہ سال جون میں ہوئی تھی، جس میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادیو، ڈمپل یادیو اور نامور اداکارہ و سیاستدان جیا بچن سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رنکو سنگھ اپنی شادی کے تمام تر انتظامات میں خود بھی عملی طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بہن نیہا کے ساتھ مل کر شادی کے دعوت نامے کا انتخاب کیا ہے اور مہمانوں کو مدعو کرنے کے امور بھی سنبھال رہے ہیں۔ اس شادی میں علی گڑھ سے تقریباً 100 سے زائد مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔ پیشے کے اعتبار سے وکیل پریا سروج بھارت کی سب سے کم عمر ارکانِ پارلیمنٹ میں شامل ہیں۔







