پمز اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے رات گئے طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع اور انتظامیہ کے مطابق طبی معائنے کے دوران ان کے تمام طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے ہیں جبکہ ان کی عمومی جسمانی حالت کو بھی مکمل طور پر تسلی بخش اور مستحکم قرار دیا گیا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماہر امراض چشم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا فالو اَپ ٹریٹمنٹ کیا گیا اور شعبہ امراض چشم کے ماہرین کی ٹیم نے انہیں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجکشن لگایا۔ جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں تمام ضروری طبی ٹیسٹس اور معائنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو سیکیورٹی کے سخت انتظامات میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔







