ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد اب حقیقی معاشی نمو بڑھانا ہوگی، 29 لاکھ ایس ایم ایز کو بینکوں سے قرضوں کی سہولت میسر نہیں،چھوٹے کاروبار اور زراعت پر توجہ دینا ہوگی، رواں مالی سال کے اختتام پر 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں ناے کراچی کے نجی ہوٹل میں گرین پیک انٹرنیشنل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ری-سیٹ 2.0، ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اوورسیز کیلئے کوئی بہتر پراڈکٹ نہ ہونے سے ترسیلات کو ریئل اسٹیٹ اور دیگر سیکٹرز میں انویسٹ کردیا جاتا ہے بینکوں کو اس حوالے سے بھی توجہ دینا ہوگی، ٹیکنالوجی کے اس وقت کئی پلیٹ فارمز ہمارے پاس موجود ہیں جو امید کی کرن ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بینکاری شعبے میں گزشتہ 5 سال میں زبردست نمو ہوئی ہے تاہم اب بھی متعدد مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں حقیقی جی ڈی پی نمو میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، زراعت جیسے شعبے میں تاحال 2.5فیصد سے زائد نمو نہیں ہو پارہی۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں ہم میکرو اکنامک استحکام حاصل کرچکے ہیں، اس استحکام کی قیمت ہم نے کم جی ڈی پی نمو اور بلند بے روزگاری کے ساتھ چکائی، گزشتہ چار سالوں کی جی ڈی پی نمو اوسطا 2.1 فیصد کی معمولی شرح پر رہی۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس میکرو اکنامک استحکام نے ہمیں معاشی نمو کی ایک بنیاد فراہم کر دی ہے، اب ہمیں حکمتِ عملی وضع کرنے ہے جو اس میں مددگار ثابت ہوسکے، رواں مالی سال کے باقی ماندہ 8 ماہ میں ایس ایم ایز کو مزید فروغ دینا ہے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں موجود 29 لاکھ ایس ایم ایز کو قرضہ نہیں مل پا رہا، ہمارا مدعا یہ ہے کہ زراعت اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ دیں، نئے بینکاری پروڈکٹ خود بخود نکلیں گے، کوئی کاروبار تبھی نمو حاصل کر سکتا ہے جب اس کا گاہک نمو حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ بینک منافع ضرور کمائیں لیکن یہ منافع صرف کسٹمرز کے بل بوتے پر نہیں کمایا جائے، بینکوں کو کرنٹ اکائونٹ سے آگے بڑھ کر ایسے پراڈکٹ متعارف کرنے ہوں گے جو کسٹمرز کو ویلیو فراہم کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ سبزواری نے کہا کہ جین زی کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے والدین روک رہے ہیں، والدین سے گزارش ہے کہ خدارا جین زی کو سرمایہ کاری کرنے دیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اوسط ماہانہ اکائونٹس 25 ہزار تک کھلوائے جا رہے ہیں، گزشتہ سال اوسطا 5 ہزار اکائونٹس ماہانہ کھلوائے جاتے تھے







