خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے میدان میں نمایاں خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لئے خیبر پختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی پروقار تقریب 13 نومبر 2026 کو نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرجنرل سپورٹس واصل خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جن ہیروز کو ایوارڈ ز سے نوازا جائے گا ان میں لیجنڈ کیٹیگری میںسابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان ‘قمرزمان، سید عاقل شاہ ‘شیراز محمد‘محب اللہ خان‘رشیدہ غزنوی اوراولمپئن نعیم اختر شامل ہیں جبکہ چیمپئنز کیٹیگری میں ذکریا حیات‘ٹیسٹ کرکٹر عمران خان اور میمونہ بلوچ شامل ہیں ایمرجنگ ٹیلنٹ کیٹیگری میں مراد خان‘حجاب اجمل‘سید فیصل شاہ ‘شاہد خان ‘آصفہ نور ‘عثمان خان اور فہد خواجہ شامل ہیں ‘ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں کھیلوں کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات اور کھیلوں کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔تقریب کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔ اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کی جانب سے معزز مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سپورٹس ہیروز ایوارڈز کا مقصد صوبے میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی پذیرائی کرنا ہے۔







