پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں عدم حاضری پر ایک بار پھر خبیر پختونخوا کے معزول وزیر اعلی سہیل آفریدی کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دئیے۔سہیل آفریدی اورپی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ منظر سے غائب ہیں۔ان کی حراست کی تصدیق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران کی تھی۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ہاں میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ وزیر اعلی اور ان کی کابینہ کے کچھ افراد کو حراست ( پری ونٹیو کسٹڈی) میں لیا گیا ہے۔دوسری جانب سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنمائو ں کی بازیابی کیلئے ان کی پارٹی اور اہل خانہ نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا تاہم وفاقی آئینی عدالت نے ان درخواستوں پر سماعت روکنے کا حکم جاری کر دیا تھا جس کے بعد ہائی کورٹ نے ان کیسز کو اپنی کاز لسٹ سے نکال دیا تھا۔ریڈیو پاکستان حملہ کیس مئی 2023 میں سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے بعد ملک میں پھوٹنے والی پرتششد مظاہروں کی لہر کے دوران 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ حملے اور توڑ پھوڑ کے خلاف پشاور کے تھانہ ایسٹ کینٹ میں درج کیا گیا تھا۔کیس میں سہیل آفریدی کو ان کے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے چوٹھے روز یعنی اکتبور 14 کو نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس نے ضمنی چالان میں سہیل آفریدی کے علاوہ سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے ضلعی صدر عرفان سلیم اور پارٹی کارکن عامر خان چمکنی کو بھی ملزم نامزد کیا تھا۔کیس پر آج انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کی ضمانت میں 18 نومبر تک توسیع کر دی جبکہ سہیل آفریدی کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکن عامر چمکنی کے بھی دوبارہ وارنٹِ گرفتاری جاری کر دئیے۔کیس کی آئندہ سماعت 18 نومبر کو ہو گی۔







