پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں اور معاشرتی برائیوں کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ گلبہار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک لائیو پر شراب نوشی اور اس کی تشہیر میں ملوث ملزم عباس عرف سونو کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لائیو آ کر غیر قانونی سرگرمیوں کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ پولیس ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے شراب کی بوتل برآمد کر لی۔
واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ ملزم کے زیرِ استعمال ٹک ٹاک اکاؤنٹ کو بھی ڈیلیٹ کروا دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی اور اخلاق سوز سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔







