پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ افسرانِ بالا کے خصوصی احکامات اور ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی ہدایت پر تھانہ بڈھ بیر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک مفرور مجرم کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ کارروائی ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل سعید الرحمن اور ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر ملنگ جان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ انجام دی۔ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم علی حیدر ولد عبد المنان ساکن بڈھ بیر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار مجرم علی حیدر قتل، اقدامِ قتل، قبضہ مافیا، اور شہریوں کو ڈرانے و دھمکانے کی خاطر فائرنگ کرنے سمیت کئی دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ بڈھ بیر پولیس نے گرفتار اشتہاری کے خلاف قانونی مراحل شروع کرتے ہوئے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے







