پشاور: انسدادِ دہشت گردی عدالت پشاور نے ’ریڈیو پاکستان حملہ کیس‘ میں عدم حاضری پر خیبر پختونخوا کے معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کارکن عامر خان چمکنی کے ایک بار پھر وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کی، جس کے دوران پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی ضمانت میں 18 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بھی 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔
سہیل آفریدی کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ حراست میں لیا گیا تھا، جس کی تصدیق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی کی تھی، اور اس کے بعد سے وہ منظرِ عام سے غائب ہیں۔ ان کی اور دیگر رہنماؤں کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے سماعت روکنے کے حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے یہ کیسز اپنی کاز لسٹ سے نکال دیے تھے۔
واضح رہے کہ پشاور کے تھانہ ایسٹ کینٹ میں درج یہ مقدمہ مئی 2023 میں سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت پر ہونے والے مبینہ حملے اور توڑ پھوڑ سے متعلق ہے۔ پولیس نے ضمنی چالان میں سہیل آفریدی کے علاوہ تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عرفان سلیم اور عامر خان چمکنی کو ملزم نامزد کیا تھا۔







