خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران افغان نیشنل آرمی کے تربیت یافتہ ایک غیر ملکی دہشت گرد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس اہم کامیابی کی تفصیلات ایڈیشنل آئی جی خیبر پختون خوا عباس احسن نے ترجمان علاقائی ترقی کونسل محمود جان بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے شیئر کیں۔
ایڈیشنل آئی جی کے پی عباس احسن نے بتایا کہ 7 نومبر کو گرفتار کیے جانے والے اس خارجی کی شناخت حکمت اللّٰہ عرف حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا کے گاؤں منگریال سے ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم افغان نیشنل آرمی کا حصہ رہ چکا ہے اور اس نے وہیں سے فوجی تربیت حاصل کی، جبکہ وہ دہشت گرد گل بہادر گروپ کے لیے بھی فعال رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کے پاکستان اور سرحد پار موجود دیگر دہشت گرد نیٹ ورکس سے مضبوط رابطے تھے اور اس کے سہولت کاروں و تربیت دینے والوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی زمین پر کھلے عام پاکستان مخالف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ اس موقع پر ترجمان علاقائی ترقی کونسل محمود جان بابر نے عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومت سمیت تمام ادارے اب ایک پیج پر ہیں اور سرحد پار سے آنے والے کسی بھی تخریب کار کو بچنے نہیں دیا جائے گا۔







