خیبرپختونخوا پولیس ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس ہاکی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 18-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ کے پی پولیس کی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مسلسل گول داغ کر مخالف ٹیم کو دبا میں رکھا، جبکہ آزاد کشمیر پولیس کی ٹیم کے پی پولیس کے فلائنگ ہارسز کے تابڑ توڑ حملوں کا مئوثر جواب نہ دے سکی۔میچ میں خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جمیل بوستان نے چار، عرفان اعوان نے چار، عرفان اللہ نے چار، توصیف احمد نے تین، محمد علی نے دو جبکہ عارف اللہ نے ایک گول اسکور کیا۔ کے پی پولیس کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی نے شائقین ہاکی کو خوب محظوظ کیا اور ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے فائنل میں جگہ بنالی۔ٹیم کے کپتان اویس خان نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے زبردست کھیل پیش کیا اور کھلاڑیوں نے بھرپور محنت اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ انچارج سپورٹس و ہیڈ کوچ نعیم گل نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔کے پی پولیس سپورٹس بورڈ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ٹیم کے فائنل میں پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔ ٹیم کی اس کامیابی کا سہرا ڈائریکٹر سپورٹس/اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ فریال فرید کی سرپرستی اور وژن کو بھی دیا گیا، جنہوں نے کے پی پولیس ہاکی ٹیم کو انٹر سروسز ٹورنامنٹ میں بہترین ٹیم کے طور پر سامنے لانے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔لائن آفیسر سپورٹس محمد تنویر نے بھی تمام کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ نعیم گل کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کے پی پولیس ہاکی ٹیم فائنل بھی جیت کر کامیابی کے ساتھ واپس آئے گی۔







