ایشین گیمز ٹی20 کرکٹ کے گروپ مرحلے میں نیپال نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیسِن کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے، جس کے جواب میں نیپال نے ہدف 17.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم نیپالی بولرز نے ابتدائی اوورز میں افغان بیٹنگ کو دباؤ میں رکھا۔ حسن عیسیٰ خیل 2 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے، محمد اکرم 8 گیندوں پر 2 اور کریم جنت 9 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
فیصل شینوزادہ اور نجیب اللہ زدران نے 30، 30 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ ننگیالیہ کھروٹے نے 15 گیندوں پر 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ افغانستان مقررہ 20 اوورز میں 102 رنز تک محدود رہا۔
نیپال کی جانب سے کشال بھورتل نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ للت راج بنشی نے 3 افغان بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔
103 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کا آغاز بھی مشکلات سے ہوا۔ کشال بھورتل دوسری گیند پر صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے جبکہ آصف شیخ بھی 4 رنز بنا کر چوتھے اوور میں پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد سندیپ جورا نے 35 گیندوں پر 34 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا۔ روہت کمار پاؤڈل نے 32 گیندوں پر 33 رنز جبکہ دیپیندر سنگھ ایری نے 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔
نیپال کو فتح کے لیے ایک رن درکار تھا جب دیپیندر سنگھ ایری آؤٹ ہوگئے، تاہم گلشن کمار جھا نے آخری رن بنا کر ٹیم کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔ نیپال نے 17.2 اوورز میں 103 رنز بنا کر ہدف حاصل کیا۔
یہ 2014 کے بعد ٹی20 کرکٹ میں افغانستان کے خلاف نیپال کی پہلی کامیابی ہے۔ 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں نیپال نے افغانستان کو 9 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ اسی سال ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں افغانستان نے نیپال کو 8 رنز سے ہرایا تھا۔
اس کامیابی کے بعد نیپال کے کوارٹر فائنل میں رسائی کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔ نیپال گروپ مرحلے کے اپنے اگلے میچ میں 26 ستمبر کو میزبان جاپان کے مدمقابل ہوگا۔







