کراچی میں جاری انٹر پراونشل پولیس فٹبال چیمپئن شپ 2026 میں خیبرپختونخوا پولیس نے اپنے پہلے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس کو 2-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم دونوں جانب سے کئی کوششوں کے باوجود کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں خیبرپختونخوا پولیس کی ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے میچ کا رخ اپنے نام کر لیا۔ ٹیم کے کھلاڑی منصف خان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
میچ کے آخری لمحات میں کبیر خان نے ایک اور خوبصورت گول کرکے خیبرپختونخوا پولیس کی برتری 2-0 کر دی، یوں پنجاب پولیس کے خلاف کامیابی سمیٹتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس نے چیمپئن شپ میں مثبت آغاز کیا۔
ٹیم کے ہمراہ موجود انچارج سپورٹس نعیم گل اور اسسٹنٹ انچارج سپورٹس آصف خان نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوچ عابد علی اور منیجر اختر حسین کی محنت، مؤثر حکمت عملی اور کھلاڑیوں کی بہترین رہنمائی فتح میں اہم ثابت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر عباس احسن اور ڈائریکٹر سپورٹس و اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ فریال فرید کی سرپرستی اور تعاون کی بدولت پولیس کی سپورٹس ٹیموں کو بہتر مواقع اور تیاری کی سہولتیں میسر آ رہی ہیں۔







