بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک اہم انٹرویو میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کی مکمل فٹنس، بہترین ردھم اور میچ پریکٹس بھارتی ٹیم کی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق جنوبی افریقا میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں یہ دونوں کھلاڑی اہم کردار ادا کریں گے، تاہم کسی بھی کھلاڑی کا مکمل تیاری کے بغیر میدان میں اترنا درست نہیں ہوگا۔
گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ صلاحیتیں ٹیم کو توازن فراہم کرتی ہیں کیونکہ وہ درمیانے نمبروں پر بیٹنگ کے ساتھ مکمل 10 اوورز کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ون ڈے فارمیٹ میں واپسی سے قبل ہاردک کے لیے ٹی 20 میچز کھیلنا فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اسی طرح جسپریت بمراہ کے ورک لوڈ مینجمنٹ اور گیم ٹائم پر بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، اس لیے بمراہ کی تیاریوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔







