فرانس کے ایک قصبے میں ٹائیگر مچھروں کی پرواز پر پابندی عائد کرنے کا انوکھا حکم جاری کردیا گیا، تاہم اس فیصلے کا مقصد علاقے میں مچھروں کی افزائش اور ان سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پانا ہے۔
فرانسیسی قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو اس حکم نامے پر دستخط کیے۔ یہ اقدام مقامی رہائشیوں کی جانب سے ٹائیگر مچھروں کی موجودگی کی شکایات کے بعد کیا گیا۔
حکم نامے میں قصبے کی حدود میں ان مچھروں کی دن اور رات کے اوقات میں پرواز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ مچھر عموماً نچلی سطح پر پرواز کرتے ہیں اور ان کے کاٹنے سے خارش اور دیگر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حکم نامے میں یہ بھی درج کیا گیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے مچھروں کو سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم میئر اولیور جولی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اب تک اس حکم پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوسکا اور نہ ہی کسی مچھر کو گرفتار کرکے سزا دی گئی ہے۔
اگرچہ یہ فیصلہ بظاہر ایک مزاحیہ اقدام معلوم ہوتا ہے، تاہم اس کا بنیادی مقصد قصبے میں مچھروں کی تعداد کم کرنا اور ان سے لاحق بیماریوں کے خطرات کو محدود کرنا ہے۔
اس سلسلے میں مقامی رہائشیوں کو بھی احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں جبکہ گٹروں اور دیگر ایسی جگہوں کو ڈھانپ کر رکھیں جہاں مچھر افزائش کرسکتے ہیں۔







