وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی کا چائنہ ونڈو کا دورہ، چینی جامعات میں مواقع پر زور

جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے چائنہ ونڈو پشاور کا دورہ کیا اور اسے پاک چین دوستی، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کا شاندار مرکز قرار دیا۔ وائس چانسلر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں چین کی تاریخ، ثقافت، روایات، ترقی اور پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات سے متعلق رکھی گئی اشیا اور معلومات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے گیلریوں میں موجود مختلف نمائشوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور چائنہ ونڈو کی جانب سے پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور اس دوستی کو مضبوط بنانے میں ایسے مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے عوام، خصوصا نوجوان نسل، کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو میں چین کی تاریخ، ثقافت اور ترقی کو جس انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا بھر کے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ چائنہ ونڈو کا دورہ کریں تاکہ انہیں چین، اس کی ثقافت اور پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کے بارے میں مزید آگاہی حاصل ہو۔ وائس چانسلر نے کہا کہ چین نے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے

اور پاکستانی طلبہ کے لیے چینی جامعات میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے طلبہ کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور جدید تعلیم و تحقیق کے حصول کے لیے چین کی جامعات سے استفادہ کرنا چاہیے۔پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے جامعہ پشاور اور چائنہ ونڈو کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چائنہ ونڈو اور جامعہ پشاور کے چائنہ اسٹڈی سنٹر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی صرف حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ عوام، جامعات، طلبہ، اساتذہ اور نوجوان نسل کے باہمی روابط سے مزید مضبوط ہوتی ہے، اور چائنہ ونڈو جیسے پلیٹ فارمز عوامی سطح پر اس دوستی کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed