سوئس ادارے برسن کی جانب سے جاری کردہ سال 2026 کی عالمی اسپورٹس سٹیز رینکنگ میں امریکی شہر نیویارک دنیا کا بہترین اسپورٹس شہر قرار پایا ہے۔ اس فہرست میں مسلسل تین برس تک سرفہرست رہنے والا فرانسیسی دارالحکومت پیرس دوسرے جبکہ امریکی شہر لاس اینجلس تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کو شامل کیا گیا ہے، تاہم پاکستان کا کوئی بھی شہر اس رینکنگ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔
اسپورٹس سٹیز رینکنگ کی تیاری میں اسپورٹس میڈیا، عالمی کھیلوں کے رہنماؤں، ماہرین کی آرا اور سوشل میڈیا و میڈیا کوریج کے تجزیے کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ نیویارک کی رینکنگ میں اس پیشرفت کی بڑی وجوہات میں این بی اے چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں لندن چوتھے، میڈرڈ پانچویں، بارسلونا چھٹے، میلان ساتویں اور لوزان آٹھویں نمبر پر براجمان ہے۔ مزید برآں، مانچسٹر دسویں، ٹوکیو 16ویں، سڈنی 24ویں، دبئی 29ویں، ممبئی 51ویں، نئی دہلی 65ویں اور ریاض 68ویں نمبر پر موجود ہیں۔







