سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری فواد نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی سہیل آفریدی کے حالیہ ہنگامہ خیز دورہ لاہور اور پنجاب پولیس سے تصادم کو تحریک انصاف کی سیاست کا اہم موڑ قراردیا اور سہیل آفریدی کے پنجاب میں داخلے اور جرات مندانہ رویے کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہیں پارٹی کا ایک نیا اور طاقتور رہنما قرار دیا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے پنجاب حکومت اور سکیورٹی اداروں کے رویئے کا احاطہ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے لاہور کا دورہ کرکے اور بھاری ناکہ بندیوں کا سامنا کرکے ایک طرف تو اس خوف کا چہرہ مکمل طور پر آشکار کر دیا ہے جو پنجاب کے حکمرانوں اور انتظامیہ کے دلوں میں بیٹھا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کی آمد پر پنجاب پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی اور ناکہ بندی کی گئی، اس سے پنجاب حکومت کے سکیورٹی تحفظات اور سیاسی خوف کی قلعی کھل کر سامنے آ گئی ہے، ناصرف یہ بلکہ اس دورے کے نتیجے میں سہیل آفریدی ایک انتہائی طاقتور اور بااثر لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں، جن پر پاکستان تحریک انصاف کا عام ورکر اور کارکن اب مکمل اعتماد اور بھروسہ کرسکتا ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر سابق وفاقی وزیر نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھا کہ "مور پاور ٹو یو سی ایم” ( More power to you CM)۔







