قبائلی ضلع کرم کی وسطی تحصیل کے علاقے چنارک زیمشت میں نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر گولہ گھروں کے قریب پھٹنے سے کم از کم پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی علی الصبح وسطی تحصیل کے علاقے چنارک کی حدود میں خوائیدادخیل زیمشت کے گاؤں ارمیگی میں پیش آیا جہاں نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر گولہ ایک مکان کے قریب زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں پانچ قبائلی افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر ضلع ہنگو کے علاقے درسمند میں واقع ایک نجی ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت حکیم، رشید، گل رحمان، عیدبت خان اور محمد رسول کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں تقریباً 40 سے 55 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاجبکہ مارٹر گولہ کس سمت سے فائر کیا گیا اور اس کے پیچھے کون ملوث تھااس حوالے سے فوری طور پر کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔واقعے کی سرکاری طور پر تصدیق اور مزید تحقیقات سے متعلق حکام کے مؤقف کا انتظار ہے۔







