انصاف یوتھ ونگ خیبرپختونخوا نے چیئرمین عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے عدالتی حکم پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔انصاف یوتھ ونگ خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات جبار خان مہمند کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم کوئی ریلیف نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے کہ انہیں بروقت، معیاری اور مناسب طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم پاکستان اور ملک کے بڑے سیاسی رہنما ہیں، اس لیے ان کی صحت کے معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر ان کے خاندان، کارکنان اور کروڑوں پاکستانیوں کے لیے شدید تشویش کا باعث بنتی ہے۔جبار خان مہمند نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر بلا تاخیر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور عمران خان کو جلد از جلد بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج اور صحت کے معاملے کو ہر قسم کی سیاسی مصلحت سے بالاتر رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، انصاف اور انسانی حقوق کا تحفظ ہی ایک مضبوط جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔







