ملک میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں متعلقہ اداروں کو انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیل کے مطابق این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا۔جس میں کہا گیا کہ بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، میانوالی، ڈی جی خان، راجن پور، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت کئی اضلاع میں شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، بارکھان، زیارت، موسی خیل اور دکی میں بھی سیلابی ریلوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کے بہا ئو میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس علاقوں میں وسائل کی بروقت منتقلی اور محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیلابی نالوں، زیرِ آب سڑکوں اور تیز بہا والے علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی صورت سیلابی پانی کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کریں۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے دوران پانی، خشک خوراک، ٹارچ اور ابتدائی طبی امداد کا سامان اپنے ساتھ رکھیں۔شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں۔







