پاکستان کی بین الاقوامی سفارتی کامیابیوں کا اعتراف دنیا بھر سے کیا جا رہا ہے جس سے ملک کا عالمی سطح پر وقار مزید بلند ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق معرکہ حق کی عظیم فتح کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت، بہترین حکمت عملی اور موثر سفارتکاری کے باعث ملک کا عالمی وقار نمایاں طور پر بلند ہوا ہے۔جنگی میدان میں دشمن کو عبرتناک شکست دینے کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنے اصولی موقف کو موثر انداز میں اجاگر کیا جس سے سفارتی سطح پر اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی۔معرکہ حق کی کامیابی نے پاکستان کو عالمی سفارتی محاذ پر مضبوط جبکہ بھارت کو عالمی تنہائی کا شکار کر دیا ہے۔ پاکستانی قیادت نے امریکا، چین، سعودی عرب، ترکیہ، روس اور ایران سمیت مختلف ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن کے نتیجے میں پاکستان کے علاقائی اور عالمی اثرورسوخ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹیجک دفاعی معاہدہ بھی کامیاب سفارتکاری کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔پاکستان نے موثر سفارتکاری اور شاندار ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے اقوام عالم میں اپنی طاقت اور اثرورسوخ کا لوہا منوایا جبکہ دنیا نے پاکستان کے مقف کو سنجیدگی سے تسلیم کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستانی قیادت کو سراہتے ہوئے اسے انتہائی مضبوط، غیر معمولی اور شاندار قیادت قرار دیاہے۔ امریکا سمیت دنیا بھر نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی قربانیوں اور انتھک کوششوں کو سراہا، جبکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کے بطور نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کردار کو بھرپور انداز میں تسلیم کیا گیا۔ایران اور امریکا کے تنازع میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کا کردار بھی موثر اور متوازن سفارتکاری کا واضح عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔عالمی ماہرین نے کہاکہ سیاسی و عسکری قیادت کی فعال سفارتکاری اور متوازن خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان عالمی امن کا ضامن بن کر ابھرا ہے جس نے معرکہ حق میں بھارت کو عملی میدان میں شکست دینے کے بعد سفارتی محاذ پر بھی اسے دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔







