ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر جواب طلب

پشاور ہائیکورٹ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان رکھنے پر صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس صادق علی مومند پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے معاملے پر صوبائی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم شاہی باغ رکھا گیا ہے، جس کی منظوری صوبائی کابینہ نے 21 فروری 2025 کو دی۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سٹیڈیم کا نام قواعد و ضوابط کے خلاف تبدیل کیا گیا ہے۔وکیل کے مطابق عدالتی فیصلوں اور حکومتی گائیڈ لائنز کے تحت کسی بھی عوامی اثاثے کو کسی زندہ شخص کے نام سے منسوب نہیں کیا جاسکتا، جبکہ عمران خان زندہ ہیں اور انہوں نے خود بھی اس نام کی تبدیلی کی مخالفت کی تھی اس کے باوجود حکومت نے سابقہ نام برقرار نہیں رکھا اور اسے تبدیل کردیا گیا۔اس موقع پر جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں کے ایسے فیصلے موجود ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی زندہ شخصیت کے نام پر عوامی مقامات منسوب نہیں کیے جاسکتے اور استفسار کیا کہ کیا جسٹس (ر)قاضی فائز عیسی کا فیصلہ دیکھا گیا ہے۔عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ حکومت اگر چاہے تو کوئی نیا گرائونڈ تعمیر کرکے اس کا نام عمران خان کے نام پر رکھ سکتی ہے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریکارڈ پیش کریں گے، جس پر عدالت نے انہیں دس روز میں مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی مہلت دے دی اور ہدایت کی کہ رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد کیس کو دوبارہ سنا جائے گا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم 1984 میں تعمیر کیا گیا تھا اور ابتدا میں اس کا نام شاہی باغ کرکٹ سٹیڈیم تھا، جسے 1987میں تبدیل کرکے ارباب نیاز رکھا گیا۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ خیبرپختونخوا لوکل کونسل رولز 1994کے مطابق کسی بھی جگہ کا نام رکھنے کے بعد 50 سال تک اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔وکیل نے مزید بتایا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم خیبرپختونخوا کا واحد انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ ہے جہاں 1984سے 2006کے درمیان 15ون ڈے اور 6ٹیسٹ میچز کھیلے گئے، جبکہ آخری انٹرنیشنل میچ فروری 2006 میں منعقد ہوا جس کے بعد یہاں کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں ہوا۔عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ 2017 میں سٹیڈیم کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اس کا نام تبدیل کیا گیا، جسے درخواست میں چیلنج کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed