وانا( آدم خان وزیر )انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان گنڈا پور کا وانا پہنچنے پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان شبیر حسین مروت اور ڈی سی لوئر جنوبی وزیرستان محمد ناصر خان سمیت اعلی پولیس افسران نے خوش آمدید کہا اور شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور افسران نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن فضل سبحان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر وانا نادر خان اور ایس پی سی ٹی ڈی اظہار شاہ بھی موجود تھے۔ ڈی ایس پی نادر خان نے قبائلی روایتی پگڑی پہنائی۔آئی جی پی خیبرپختونخوا نے پولیس شہدا پیکج کے تحت ورثا میں چیکس تقسیم کئے اور انکے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں ڈی پی او وانا آفس میں پودا لگایا۔اس سے قبل ڈی پی او جنوبی وزیرستان شبیر حسین مروت نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو ویلکم کیا اور نامساعد حالات میں وانا کا دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا، ڈی پی او نے آئی جی پی کے پی کے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیرستان میں پولیس کے بعض تھانے مکمل ہونے کے آخری مراحل میں ہیں اور بعض پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان گنڈا پور نے اے سی وانا جرگہ ہال میں پولیس افسروں و اہلکاروں کے ایک بڑے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان کے پولیس نے بہت مشکل حالات میں دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک وقوم کے سر فخر سے بلند کئے۔ضم شدہ اضلاع کے پولیس میں نئے اصلاحات لانے پر کام تیزی سے جاری ہے، اور انکو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔







