اینٹی کرپشن کورٹ خیبرپختونخوا نے سرکاری گندم سکینڈل میں نامزد ملزم اسسٹنٹ فوڈ کانٹرولرعثمان عابد شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے کر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔کیس کی سماعت اینٹی کرپشن کورٹ خیبرپختونخوا کے جج آصف رشید نے کی۔ دورانِ سماعت اینٹی کرپشن کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اضاخیل نوشہرہ کے سرکاری سٹوریج گودام سے 1730 میٹرک ٹن گندم غائب ہوئی، جس سے سرکاری خزانے کو 19 کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم عثمان عابد سرکاری گودام میں تعینات تھا اور گندم کی خوردبرد میں دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت میں شامل رہا۔ سکینڈل میں نامزد دیگر ملزمان کو سزائیں بھی ہوچکی ہیں، جبکہ ملزم عثمان عابد دورانِ ٹرائل روپوش رہا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم عثمان عابد کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی، جس پر پولیس نے اسے کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے مزید کارروائی کیلئے اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کے حوالے کردیا۔







