ملک میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے 76 پیسے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں اسے 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دکاندار اور ڈسٹری بیوٹرز سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایل پی جی کی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مالی دبائو کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمت اور مارکیٹ ریٹ میں واضح تضاد نے عام آدمی کے بجٹ کو متاثر کر دیا جبکہ متعلقہ ادارے قیمتوں پر موثر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آ رہے ۔ اوورچارجنگ کے خلاف شہریوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو مہنگی ایل پی جی مزید بحران کا سبب بن سکتی ہے۔







