پی ٹی وی نیشنل کے تحت نئے بین الاقوامی میڈیا پروجیکٹ کا آغاز

 

رپورٹ: آصف علی یوسفزئی

پاکستان کے قومی ٹیلی ویژن چینل پی ٹی وی نیشنل کے پلیٹ فارم سے ایک نئے بین الاقوامی اور ہفتہ وار میڈیا پروجیکٹ زندگی کی کہانی عرب ممالک میں کاروبار اور کامیابی کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے، جس کی ریکارڈنگ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہی ہے۔یہ منفرد پروگرام عرب ممالک اور خلیجی خطے میں مقیم پاکستانیوں اور دیگر کامیاب کاروباری شخصیات کی زندگی، جدوجہد، تجربات اور کامیابی کی حقیقی کہانیوں کو ناظرین تک پہنچائے گا۔ پروگرام کے ذریعے نہ صرف کامیاب افراد کی داستانیں پیش کی جائیں گی بلکہ کاروبار، سرمایہ کاری، روزگار، رئیل اسٹیٹ، ٹرانسپورٹ، ویزا سروسز اور دیگر شعبوں سے متعلق مفید معلومات بھی عوام تک پہنچائی جائیں گی۔پروگرام کا مقصد کامیاب شخصیات کی جدوجہد اور کامیابی کو اجاگر کرنا، نئی نسل کو مثبت رول ماڈلز فراہم کرنا، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو نمایاں کرنا اور کاروباری برادری کو ایک معتبر قومی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔اس پروگرام کی میزبانی اور پروڈکشن آصف علی یوسف زئی کریں گے، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے سے میڈیا، جرنلزم، پروگرامنگ، پروڈکشن، ہوسٹنگ، ثقافتی پروگراموں، کرنٹ افیئرز، ڈرامہ، میگزین شوز اور خصوصی نشریات سے وابستہ ہیں۔ جبکہ اس پروجیکٹ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر پی ٹی وی نیشنل کے جی ایم پشاور، ابراہیم کمال ہوں گے، جن کی سرپرستی اور رہنمائی میں اس منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔پروگرام کی ایک اہم خصوصیت اس کی کثیراللسانی پیشکش ہے۔پہلی قسط پشتو زبان میں ریکارڈ کی جائے گی، جبکہ ہندکو، پنجابی، اردو اور دیگر پاکستانی زبانوں میں بھی خصوصی اقساط تیار کی جائیں گی تاکہ ملک کے مختلف علاقوں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں تک ان کی اپنی زبان میں پیغام پہنچایا جا سکے۔ہر قسط تقریبا ً25منٹ پر مشتمل ہوگی اور پی ٹی وی نیشنل پر متعدد اوقات میں نشر کی جائے گی گا تاکہ پاکستان اور دنیا کے مختلف ٹائم زونز میں موجود ناظرین اسے اپنی سہولت کے مطابق دیکھ سکیں۔ اس کے علاوہ پروگرام کے خصوصی حصے اور منتخب کلپس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی جاری کیے جائیں گے۔منتظمین کے مطابق ریکارڈنگ کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے، جبکہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے اختتام کے بعد پروگرام کی باقاعدہ نشریات پی ٹی وی نیشنل پر شروع کی جائیں گی۔یہ منصوبہ صرف متحدہ عرب امارات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں قطر، سعودی عرب، بحرین، عمان، کویت اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی ریکارڈنگ کی جائے گی۔ بعد ازاں اس میڈیا سیریز کو برطانیہ، یورپ، ترکی، ملائیشیا، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک تک توسیع دینے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کامیاب کاروباری شخصیات کی کہانیاں عالمی سطح پر پیش کی جا سکیں۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ٹی وی نیشنل کے ہیڈ اور جی ایم پشاور ابراہیم کمال کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شرکا نے ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن، اسلام آباد سینٹر پی ٹی وی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کی آواز کو قومی پلیٹ فارم فراہم کرنے اور مثبت میڈیا سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کیا۔زندگی کی کہانی عرب ممالک میں کاروبار اور کامیابی” ایک ایسا میڈیا پلیٹ فارم بننے جا رہا ہے جو کامیابی کی حقیقی داستانوں، کاروباری تجربات اور مثبت معاشرتی کرداروں کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ بنے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed