ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی صورت حال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی اسلام آباد میں پہلی باضابطہ ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، سفیر رضا امیری مقدم اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا اور پاک ایران تعلقات اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اپنے بھائی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد پرخوشی ہوئی۔ ایکس پر پیغام میں انہو ں نے کہا کہ میں اپنے بھائی عباس عراقچی کو خوش آمدید کہتا ہوں، علاقائی امن، استحکام کو فروغ دینے کیلئے پر امید ہیں۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ استقبال کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں ایران امریکہ مذاکرات پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے۔یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایرانی وفد وزیرخارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں گذشتہ شب پاکستان پہنچا تھا اور امریکی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔






