پشتو کی معروف گلوکارہ نازیہ اقبال کے شوہرجاوید فضا اور بچوں نے پاکستان اوریجن کارڈ کےحصول کے لیےپشاورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا جبکہ عدالت نے اس ضمن میں دائر رٹ پر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس وقار احمد اور جسٹس کامران حیات میانخیل پر مشتمل بنچ نے جاوید فضا کی رٹ پر سماعت کی ۔ دوران سماعت ان کے وکیل سیف اللہ محب کاکاخیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی بیوی پاکستانی ہے جبکہ بچے بھی پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں۔ ان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ تھا لیکن خاندانی مسائل کی وجہ سے یہ بلاک کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ درخواست گزارکے پاس شادی اور بچوں کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ موجود ہے،انہوں نےعدالت سے درخواست گزاروں کو پی او سی اور بچوں کو سمارٹ کارڈ یا فارم بی جاری کرنے کاحکم دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے کیس میں وفاقی حکومت اور متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔واضح رہے کہ نازیہ اقبال اس وقت اپنے خاندان کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہیں







