امریکا: ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ تک رسائی حاصل کرلی، جس کے باعث حساس فوجی معلومات، عملے کے ریکارڈ اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کی سیکیورٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس سائبر دراندازی کا انکشاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے عمل کے دوران ہوا، جس کے بعد پورے پلیٹ فارم پر خلل پیدا ہوگیا۔
رائٹرز کے مطابق ہیکرز کی شناخت، سائبر حملے کے مکمل دائرہ کار اور ممکنہ طور پر چوری ہونے والے ڈیٹا سے متعلق تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
سال 2017 میں شروع کیے گئے کلاؤڈ ون کا مقصد امریکی فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی کمپیوٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ اس نظام میں چار آپریٹرز مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل یکجا کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں۔
ان ایپلی کیشنز میں فضائیہ کے اہلکاروں کا ڈیٹا، تنخواہوں کی ادائیگی، لاجسٹکس اور دیکھ بھال کے انتظام سے متعلق نظام بھی شامل ہیں۔
کلاؤڈ ون پر امریکی فضائیہ کا ’کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول‘ سسٹم بھی موجود ہے، جو شمالی امریکا بھر سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر ذرائع سے معلومات جمع کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ’تھیٹر انٹیگریٹڈ کمبیٹ میونیشنز سسٹم‘ بھی اسی پلیٹ فارم کا حصہ ہے، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کا ریکارڈ محفوظ رکھتا ہے۔
سال 2025 تک ’ایس اے آئی سی‘ کلاؤڈ ون کا مرکزی کنٹریکٹر تھا، تاہم اس کے بعد یہ ذمہ داری ’لیڈوس‘ نے سنبھال لی۔
ذرائع کے مطابق کلاؤڈ ون امریکی فوج کے بڑے کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے اور اس تک غیر مجاز رسائی کو ایک اہم سیکیورٹی معاملہ قرار دیا جارہا ہے۔
واقعے کے بعد نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے امریکی فوج کی سائبر فورس ’سائبر کمانڈ‘ کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کے انکشاف کے بعد کلاؤڈ ون پر بیک آفس ایپلی کیشنز منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے، جبکہ پہلے سے موجود ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس بھی بلاک کردی گئی ہیں۔
اس صورتحال کے باعث امریکی فضائیہ کا عملہ سسٹم کی مرمت اور اپ ڈیٹس کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کررہا ہے، جبکہ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹیکنالوجی کی صنعت میں سافٹ ویئر کی سنگین کمزوریوں کے نئے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں۔







