پاکستان تحریکِ انصاف کی یورپی ممالک میں قائم تنظیموں کی جانب سے عمران خان سمیت تمام پارٹی رہنماں کی فوری رہائی اور سیاسی کارکنوں کو انصاف کی فراہمی کے مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے یورپی حکومتوں، عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق، آئین اور قانون کی پاسداری کے لیے کردار ادا کیا جائے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک میں پاکستانی سفارت خانے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز پاکستان کے حکام، عدلیہ اور متعلقہ اداروں تک پہنچائیں، ان کے مطابق پاکستان میں انصاف کے دروازے بند ہونے کے باعث وہ سفارت خانوں کے سامنے احتجاج پر مجبور ہیں۔فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف فرانس کے عہدیداروں، خواتین، بچوں، کارکنوں اور دیگر رہنماں نے کئی گھنٹے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عمران خان اور تحریکِ انصاف کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے انصاف فراہم کرو، ظلم و ستم بند کرو، سیاسی مخالفین کو جینے کا حق دو اور آئین و قانون کی پاسداری کرو کے نعرے بلند کیے۔مظاہرین نے یورپی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پاکستان میں سیاسی کارکنوں اور رہنماں کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور انسانی حقوق و جمہوری اصولوں کی پاسداری کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔اسپین کے شہر بارسلونا سمیت یورپ کے دیگر شہروں میں بھی پاکستان تحریکِ انصاف کی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہرین کے مطابق احتجاج کا مقصد یورپی عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور ان کے مطالبات کی جانب مبذول کروانا ہے۔پیرس اور بارسلونا میں مظاہروں کے دوران مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج دیکھا اور مظاہرین سے ان کے مطالبات اور احتجاج کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔







