26 اور27ویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کو مفلوج کردیا، نیازاللہ خان

چیف آرگنائزر انصاف لائرز فورم پاکستان نیاز اللہ خان نیازی ایڈووکیٹ نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ترامیم کے بعد عدلیہ مفلوج ہو کر ایگزیکٹو کے کنٹرول میں چلی گئی ہے، عدلیہ کو ایگزیکٹو کے اثر و رسوخ سے آزاد کرانے اور ایک خودمختار عدلیہ کے قیام کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار یاسر خٹک کی حمایت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وکلا سے انصاف لائرز فورم کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔پشاور ہائیکورٹ میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیاز اللہ خان نیازی سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کہا کہ جس طرح جنرل مشرف کے دور میں وکلا نے عدلیہ کی آزادی کے لیے تاریخی تحریک چلائی تھی، اسی طرح رول آف لا اور آزاد عدلیہ کے لیے ایک بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ انصاف لائرز فورم میں کسی قسم کی گروپ بندی برداشت نہیں کی جائے گی اور فورم کو چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق متحد، منظم اور فعال بنایا جائے گا۔نیاز اللہ خان نیازی نے کہا کہ ان کے قائد عمران خان ذاتی مفادات کی نہیں بلکہ پاکستان کے عوام، آئین کی بالادستی اور سویلین سپرمیسی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان ایک خوددار لیڈر ہیں جو ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوامی حاکمیت کے لیے کھڑے ہیں۔انہوں نے پورے پاکستان کے وکلا سے اپیل کی کہ عمران خان کے وژن کے مطابق انصاف لائرز فورم کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بالخصوص خیبر پختونخوا کے وکلا سے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار یاسر خٹک سمیت انصاف لائرز فورم کے نامزد امیدواروں کی بھرپور حمایت اور کامیابی کے لیے جدوجہد کرنے کی درخواست کی۔نیاز اللہ خان نیازی نے خیبر پختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے ہمیشہ مزاحمت کی ہے اور ہر مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed